• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک حادثات، 3 افراد جاں بحق، 3زخمی، 3 افراد کی لاشیں ملیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے، 3 افراد کی لاشیں ملیں، ایک شخص نے مبینہ خود کشی کرلی، تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے آلاصف اسکوائر کے قریب ٹریفک حادثے میں 50 سالہ ریاض احمد جاں بحق ہوگیا ،پولیس نے ریتی بجری کے ٹرک کو تحویل میں لے لیا، ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ، گناہ منڈی کے قریب دودھ سپلائی کرنےوالے ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار محب اللّٰہ افغافی جاں بحق ہوگیا، پولیس نے ٹرک قبضے میں لے لیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، شارع فیصل اسٹار گیٹ کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 25 سالہ طلحٰہ ولد عقیل جاں بحق ہو گیا، ملیر 15 پل کے قریب مسافر بس پل کی دیوار سے ٹکراگئی، حادثے میں خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، حادثے کے بعد ٹریفک کی روانی متاثرہو گئی، دریں اثنا ناردرن بائی پاس زیرو پوائنٹ نہر کے قریب سے کئی روز پرانی 35 سے 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، کورنگی مدینہ کالونی کے قریب فٹ پاتھ سے 28 سے30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، پولیس نے لاشیں سردخانے منتقل کردیں، سہراب گوٹھ علی ٹاؤن میں گھر سے 15سالہ وہاب ولد اعظم خان کی لاش ملی، گھگر پھاٹک قادر نگر کے قریب کا رہائشی اور علی ٹاؤن میں کباڑ کی دکان میں ملازمت کرتا اور وہیں رہائش پذیر تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ زہر خورانی کا معلوم ہوتا ہے، گلستان جوہر بلاک 3 میں گھر سے 39 سالہ واجد حسین ولد عبد الوہاب کی پھندا لگی لاش ملی ، پولیس نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ متوفی نے پنکھے سے پھندا لگا کر مبینہ خودکشی کی ہے ،گھر والوں کا کہنا ہے کہ متوفی ڈپریشن کا شکار تھا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید