کراچی (بابر علی اعوان) شعبہ صحت سے وابستہ ماہرین اور نرسنگ، پیرامیڈیکل کی نمائندہ تنظیموں نے وفاقی حکومت کے بجٹ مالی سال 2026-27 میں صحت کے منصوبوں کے لیے 25.1 ارب روپے کی رقم کو ملک میں بڑھتے ہوئے صحت کے مسائل کے مقابلے میں ناکافی قرار دیتے ہوئے صحت کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری اور جامع پالیسی سازی کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے رہنما ڈاکٹر عبدالغفور شورو کا کہنا تھا کہ ملک میں غیر متعدی امراض، ہیپاٹائٹس، کینسر اور متعدی بیماریوں کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے، اس لیے صحت کے بجٹ میں مزید اضافہ ناگزیر ہے۔ نرسنگ اور پیرامیڈیکل تنظیموں کے نمائندوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ماضی کی طرح ترقیاتی فنڈز کے ضیاع اور منصوبوں میں تاخیر کو روکنے کیلئے مؤثر نگرانی اور بہتر گورننس ضروری ہے تاکہ بجٹ کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچ سکیں۔