• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان محصولات میں حقیقی اضافے کے لحاظ سے 78 بڑی معیشتوں میں پہلے نمبر پر

اسلام آباد (رپورٹ / حنیف خالد) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال کی جانب سے جنگ راولپنڈی کو مہیا کردہ ایک تفصیلی دستاویز کے مطابق مالی سال 2024 سے مالی سال 2026 کے دوران حکومتی محصولات میں حقیقی اضافے کا ڈالر کی بنیاد پر تقابلی جائزہ لینے پر پاکستان دنیا کی 78 بڑی معیشتوں میں پہلی پوزیشن پر آ گیا ہے۔ پاکستان نے نائیجیریا، ترکی، بھارت اور دیگر بڑی معیشتوں کو محصولات میں اضافے کے میدان میں پیچھے چھوڑ دیا۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ مختلف ممالک کے محصولات کا موازنہ مقامی کرنسی کے بجائے امریکی ڈالر میں کیا گیا تاکہ کرنسی کی قدر میں کمی یا اضافے کے اثرات کو بھی مدنظر رکھا جا سکے۔ دستاویز کے مطابق پاکستان کے وفاقی محصولات مالی سال 2024 میں تقریباً 9.3 ٹریلین روپے سے بڑھ کر مالی سال 2026میں متوقع 13 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ڈالر کی بنیاد پر محصولات میں 40.2فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو زیر جائزہ تمام 78ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی یہ کامیابی محض افراطِ زر یا کرنسی کی قدر میں کمی کا نتیجہ نہیں بلکہ حقیقی محصولات میں اضافے کی عکاس ہے کیونکہ اس عرصے کے دوران پاکستانی روپے کی قدر نسبتاً مستحکم رہی اور تقریباً 283 روپے فی ڈالر سے 282 روپے فی ڈالر کے قریب رہی، جس کے باعث محصولات میں ہونے والا اضافہ تقریباً مکمل طور پر ڈالر کی بنیاد پر بھی برقرار رہا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بعد نائجیریا 32.6 فیصد اضافے کے ساتھ دوسرے اور ترکی 31.7 فیصد اضافے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

اہم خبریں سے مزید