فیصل آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان بزنس کونسل کے رکن اور معروف صنعت کار مصدق ذوالقرنین نے وفاقی بجٹ میں اعلان کردہ ٹیکس ریلیف کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سرمایہ کاری، مسابقت، برآمدات اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے مثبت اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے حکومتی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنخواہ دار ٹیکس دہندگان پر ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنا دیرینہ مطالبہ تھا۔ انکم ٹیکس کی شرحوں میں کمی، 10 فیصد سرچارج کا خاتمہ اور ٹیکس سلیب کو معقول بنانے سے ٹیکس دہندگان کو بامعنی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے 500 ملین روپے تک کی سالانہ آمدنی والے کاروبار کے لیے سپر ٹیکس کے خاتمے اور بڑے اداروں کے لیے ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے کم کرکے 8 فیصد کرنے کا بھی خیر مقدم کیا۔ انہوں نے غیر ملکی اثاثوں پر کیپٹل ویلیو ٹیکس کے خاتمے کو مثبت اقدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور پاکستان کے کاروباری ماحول کو تقویت ملے گی۔