• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ بجٹ میں کوئی نئی ترقیاتی اسکیم شامل نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں کوئی نئی ترقیاتی اسکیم شامل نہیں کی جائے گی، میری تبدیلی کی باتیں دس سال سے آ رہی ہیں، میں اس وقت ہٹایا جاؤں گا جب اللہ اور میری پارٹی قیادت چاہے گی، شرجیل میمن، ناصرشاہ، سعد غنی اور اویس قادر شاہ پارٹی کارکن ہیں، میرے خلاف نہیں جائیں گے، کراچی سے محبت پیپلز پارٹی والوں سے زیادہ کوئی نہیں کرسکتا، ہمارے وسائل بہت کم ہیں، پھر بھی پوری توانائی لگا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہاروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی تاریخی ایمپریس مارکیٹ کی بحالی اور تزئین و آرائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعلیٰ نے اس منصوبے کو شہر کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور شہریوں، تاجروں اور سیاحوں کے لئے جدید عوامی سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔افتتاحی تقریب میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد، اراکین سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید، معاونِ خصوصی عثمان ہنگورو، پراجیکٹ ڈائریکٹر ایمپریس مارکیٹ طارق مغل، سینئر حکام، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک مخصوص جماعت نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کا کنٹرول سنبھال کر شہر کے عوام کو ہراساں کرکے انہیں سزا دینا شروع کر دی تھی۔ روزانہ لوگ قتل ہوتے تھے لیکن جب پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی تو پورے شہر نے سکھ کا سانس لیا۔ امن بحال ہوا اور ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا۔ وہ اس جماعت کے خلاف مزید بات نہیں کریں گے کیونکہ وہ جلد ناراض ہو جاتے ہیں اور آج کل تو ایک دوسرے سے بھی ناراض رہنے لگے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید