کراچی ( جنگ نیوز) ملک بھر کی کاروباری و صنعتی تنظیموں نے وفاقی بجٹ پر حکومت کو مبارکباد دیتےہوئے کہا ہے کہ بہترین اور عوامی امنگوں پرمبنی بجٹ پیش کیا گیا، ایف بی سی سی آئی نے وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار، وزیر خزانہ و معاشی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلیے مثبت قدم ہے اور یقین دلایا کہ کاروباری برادری حکومت سے تعاون جاری رکھے گی۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور کاروباری شعبے کیلئے ریلیف اقدامات خوش آئند ہیں، اوورسیز سپر ٹیکس میں کمی اور برآمدی شعبے کیلئے مراعات کو مثبت ہیں۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر سرچارج کا خاتمہ اور انکم ٹیکس میں کمی خوش آئنداقدام ہے، اورحکومت کے فیصلے سے متوسط طبقے کو ریلیف ملے گا۔