• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ بلدیہ، مظلوم اہل خانہ کو انصاف نہ مل سکا ، سیف الدین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے ادارہ نور حق میں سانحہ بلدیہ کے ورثاء و اہل خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں ٹیکنیکل بنیادوں پر ملزمان کو بری توکر دیا لیکن زندہ جل کر مرنے والوں کے مظلوم اہل خانہ کو انصاف نہ مل سکا اور نہ کوئی ایسی سمت متعین کی جس سے مظلوموں کو انصاف مل سکے، اس طرح کے کیسوں کے تفصیلی فیصلے فوری جاری ہونے چاہیٔں، ورثاء کی جانب سے فریق بننے کی درخواست کو مسترد کرنے کی وجوہات قابل قبول نہیں، اسی طرح 25کروڑ روپے بھتے کا معاملہ بھی کہاں گیا معلوم نہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر جے آئی ٹی رپورٹس غلط تھیں تو ان رپورٹوں کو بنانے والوں کو سزا ملنی چاہیٔے، ہم سانحہ کے اصل متاثرین کا مقدمہ عوام کے سامنے لانا چاہتے ہیں،کسی بے گناہ کو سزا نہیں دلوانا چاہتے لیکن مجرموں کی گرفت بھی ضروری ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کی دوبارہ تحقیقات کروائی جائے،انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ اصل فریق متاثرین اور ان کے اہل خانہ ہیں، ان کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔