• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویریفکیشن کے نام پر پختونوں کی تذلیل سے گریز کیا جائے، شاہی سید

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )عوامی نیشنل پارٹی ضلع جنوبی کے زیر اہتمام اتوارکو لی مارکیٹ کراچی میں ورکرز کنونشن منعقد ہوا، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا کہ کراچی کے پختون لاوارث نہیں ہیں اور اے این پی ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی ، کراچی میں پختونوں کے کاروبار اور تعلیم کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کیا جائے، پختون اور بلوچ قیام پاکستان سے قبل ہی لیاری مارکیٹ اور کراچی میں آباد تھے، بلوچ اور پختون بھائی بھائی ہیں،انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ویریفی کیشن کے نام پر پختونوں کی تذلیل سے گریز کیا جائے ، انہوں نےکہا کہ گزشتہ 40 برسوں سے افغان جنگ کے باعث دونوں جانب کے پختون تباہی کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ لیاری کو پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے لیکن یہاں کے عوام بھی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کو بنیادی انسانی سہولتیں فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، بالخصوص پختون آبادیوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر رکھا ہے،کراچی دنیا کا سب سے بڑا پختون شہر ہے، شہری جسے بھی ووٹ دیں، عوامی نیشنل پارٹی ان کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی،انہوں نے کہا کہ پولیس صوبائی حکومت کی بی ٹیم بن چکی ہے، پولیس کا پختون عوام اور اے این پی رہنماؤں کے ساتھ رویہ قابل قبول نہیں، عوامی نیشنل پارٹی کراچی کے عوام کے مسائل، پولیس کا رویہ اور ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کر رہی ہے، عوامی نیشنل پارٹی پختونوں اور دیگر مظلوم قومیتوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ تمام تنظیمیں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں، بلدیاتی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کی کامیابی ہی کراچی کے پختونوں کے مسائل کے حل کی ضمانت ہے۔
شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید