کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور وائس چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان سید زین شاہ نے لاڑکانہ پریس کلب پر جلال پور کینال اور دیگر سندھ دشمن منصوبوں کے خلاف پُرامن احتجاج کرنے پر ایس یو پی کے مرکزی نائب صدر منیر حیدر شاہ، روشن کلہوڑو، رئیس کریم چانڈیو، منظور شیخ اور دیگر کارکنان پر پولیس کے لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے عوام کے خلاف باقاعدہ ریاستی جبر کا راستہ اختیار کر لیا ہے، پُرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنا، مظاہرین پر بدترین تشدد، لاٹھی چارج، اور پارٹی کارکنوں کی گرفتاریاں واضح طور پر حکمرانوں کی بوکھلاہٹ، خوف اور عوامی مزاحمت سے گھبراہٹ کی عکاسی کرتی ہیں، سندھ کے عوام اپنے آئینی، جمہوری اور بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں، مگر پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے عوامی مطالبات کا سیاسی اور جمہوری جواب دینے کے بجائے طاقت، تشدد اور گرفتاریوں کا راستہ اختیار کر کے اپنے آمرانہ اور فسطائی طرزِ حکمرانی کو بے نقاب کر دیا ہے۔