اسلام آباد( رانا غلام قادر )برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا (ہاؤس آف لارڈز) میں 15 جون 2026 کو مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر ہونے والی بحث کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور امن کی کوششوں میں پاکستان کے تعمیری کردار اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی سفارتی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔بحث کے دوران متعدد اراکینِ ہاؤس آف لارڈز نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔لارڈ احمد آف ومبلڈن نے پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایوان میں موجود وزیر اور تمام معزز اراکین پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کریں گے۔ پاکستان کا بہت بہت شکریہ، اور قطر کا بھی شکریہ جن کی مؤثر معاونت کی وجہ سے اہم اس مقام تک پہنچے ہیں۔لارڈ احمد آف ومبلڈن نے اردو زبان میں کہا, "پاکستان کا بہت بہت شکریہ"برطانوی حکومت کی جانب سے جواب دیتے ہوئے بیرونس چیپمین آف ڈارلنگٹن نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کا شکریہ کہ اس نے امریکہ اور ایران کو اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔بحث کے دوران وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی امن کے لیے مسلسل سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔