کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں بچوں کے لیے سوشل میڈیا پابندیوں کا رجحان تیز ہوگیا۔ برطانیہ نے بچوں پرسوشل میڈیا استعمال کرنے پر قدغن عائد کردی۔آسٹریلیا پہلے ہی اسی نوعیت کا قانون نافذ کر چکا۔سنیپ چیٹ، ٹک ٹاک، یوٹیوب، انسٹاگرام، فیس بک اور ایکس سمیت کئی بڑے پلیٹ فارمز متاثر ہوں گے۔والدین و ماہرین کا بچوں کی ذہنی صحت پراظہار تشویش ،یورپ، ایشیا و لاطینی امریکا میں بھی سخت قوانین پر غور ہو رہا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ 2027 سے 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کرے گا۔ اس فیصلے کے تحت سنیپ چیٹ، ٹک ٹاک، یوٹیوب، انسٹاگرام، فیس بک اور ایکس سمیت کئی بڑے پلیٹ فارمز تک نابالغوں کی رسائی محدود کر دی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بچوں کو آن لائن ہراسانی، نامناسب مواد، سائبر بُلیئنگ، ذہنی دباؤ اور سوشل میڈیا کے دیگر منفی اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ برطانوی حکام کے مطابق والدین کی بھاری اکثریت اس پابندی کی حمایت کرتی ہے اور حالیہ سروے میں تقریباً 90 فیصد والدین نے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر سخت پابندیوں کی حمایت کی۔یہ اقدام عالمی رجحان کا حصہ ہے، کیونکہ کئی ممالک بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو محدود کرنے کے لیے نئے قوانین تیار کر رہے ہیں۔