اسلام آباد(خالدمصطفیٰ) امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی پیش رفت کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 5فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی دیکھی گئی جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا کے ایس ای-100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔برینٹ خام تیل 5.4 فیصد کمی کے بعد 78.67 ڈالر اور امریکی ڈبلیو ٹی آئی 6.1 فیصد گر کر 75.80ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔ سرمایہ کاروں نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے اور ایرانی تیل کی عالمی منڈی میں واپسی کے امکانات کو قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ قرار دیا۔