اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان میں 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کیلئے 100 میگا واٹ شمسی بجلی کی فراہمی منصوبہ کے تمام تر اخراجات وفاقی حکومت اٹھائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت گلگت بلتستان میں 100میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز ، منصوبہ کو جلد از جلد مکمل کرنے اورمنصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت کی۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کے سولر منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کی سرکاری عمارتوں کیلئے 18 میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ ہے،گلگت اور دیامیر ڈویژنز کی سرکاری عمارات کیلئے 18 میگا واٹس کا منصوبہ دسمبر 2026 اور بلتستان ڈویژن کی سرکاری عمارات کی سولرائزیشن کا منصوبہ اکتوبر 2026 تک مکمل ہو گا ۔