ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلیگ شپ پروگرام مثالی گاؤں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی (PRMSC)، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر کو بتایا گیا کہ منصوبہ پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے جس کے تحت ملتان ڈویژن کے 62 دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج و ڈرینج نظام، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، گلیوں کی تعمیر، سڑکوں کی بحالی، سٹریٹ لائٹس، بچوں کے پارکس اور شجرکاری سمیت بنیادی شہری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی کل لاگت 7.87 ارب روپے ہے۔اجلاس میں ضلع ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی میں جاری تمام کنٹریکٹ پیکجز پر الگ الگ پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں اور جن مقامات پر اراضی، ڈیزائن یا دیگر انتظامی مسائل درپیش ہیں، انہیں ضلعی انتظامیہ، متعلقہ محکموں اور منتخب نمائندوں کے تعاون سے فوری حل کیا جائے تاکہ منصوبے کی رفتار متاثر نہ ہو۔