ملتان(سٹاف رپورٹر) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ملتان میں آمد، دفتری امور کا جائزہ اورفیلڈ میں خود آپریشنز کی نگرانی کی،اس دوران3 بڑے فوڈ پروڈکشن یونٹس میں سنگین خلاف ورزیاں بے نقاب،18 ہزار کلو گرام فنگس زدہ اچار تلف،12 ہزار لیٹر چربی سے تیار کھلا آئل ضبط مالک کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا،علاوہ ازیں، غیر معیاری انگوری کے استعمال پر ایک سویٹس پروڈکشن یونٹ کو1 لاکھ روپے جرمانہ عائدکیا،تفصیل کے مطابق ملتان میں ایک اجلاس کے بعد ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز کے ہمراہ فیلڈ میں اچانک کارروائیوں کی نگرانی کی۔ بستی علی والا، گردیزی موڑ اڈہ لاڑ اور خانیوال روڈ پر قائم 3 بڑے فوڈ پروڈکشن یونٹس کا معائنہ کیا گیا جہاں سنگین نوعیت کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں، ایک فیٹ رینڈرنگ یونٹ میں چربی سے تیار کردہ کھلا آئل تیار اور سپلائی کیا جا رہا تھا۔ یونٹ کے پاس فوڈ لائسنس اور محکمہ ماحولیات کی رجسٹریشن بھی موجود نہ تھی۔ قوانین کی خلاف ورزی پر 12ہزار لیٹر غیر معیاری کھلا آئل ضبط کر کے مالک کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی۔دوسری کارروائی میں اچار تیار کرنے والے یونٹ سے 18 ہزار کلو گرام بدبودار، فنگس زدہ اور مضر صحت اچار برآمد ہوا جو انتہائی آلودہ، گندگی سے بھرپور اور غیر حفظانِ صحت ماحول میں تیار کیا جا رہا تھا۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر ناقص اچار موقع پر تلف کیا۔علاوہ ازیں سوہن حلوہ کی تیاری میں غیر معیاری انگوری کے استعمال پر ایک سویٹس پروڈکشن یونٹ کو1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔