معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے انکشاف کیا ہے کہ میں اعصاب دبنے کے تکلیف دہ مرض (Pinched Nerve) میں مبتلا ہوں اور اس وقت میرا طبی علاج چل رہا ہے۔
52 سالہ گلوکار سونو نگم کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں ان کے کندھے پر پٹیاں لگی دیکھی جا سکتی ہیں۔
سونو نگم نے بتایا ہے کہ میں نے گزشتہ 1 ہفتے کے دوران ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین سمیت متعدد طبی ٹیسٹ کروائے ہیں تاکہ بیماری کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
سونو نگم نے اپنی ویڈیو میں انکشاف کیا ہے کہ میں اس وقت شدید درد کا سامنا کر رہا ہوں، فزیو تھراپی کے سیشنز خاص طور پر انتہائی تکلیف دہ ثابت ہو رہے ہیں اور میرا درد کم کرنے والی ادویات پر انحصار ہے، ادویات کے اثرات کی وجہ سے میرے گلے پر بھی فرق پڑا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اعصاب دبنے کی کیفیت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب جسم کے اردگرد موجود ہڈیاں، پٹھے، کارٹلیج ہڈی یا دیگر اعصابی پٹھے کسی دوسرے اعصاب پر دباؤ ڈالتے ہیں۔
اس دباؤ کے باعث شدید درد، پٹھے کا سُن ہو جانا، جھنجھناہٹ، کمزوری اور حرکت میں دشواری جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔
یہ مسئلہ جسم کے مختلف حصوں میں ہو سکتا ہے تاہم زیادہ تر گردن، کمر، کلائی اور کہنی میں پایا جاتا ہے۔
عام طور پر یہ عارضی ہوتا ہے لیکن بر وقت علاج نہ ہونے کی صورت میں اعصاب کو مستقل نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔