کراچی (شکیل یامین کانگا) میزبان میکسیکو نے جنوبی کوریا کو شکست دیکر فیفا ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں کھیلنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔ دوسرے میزبان کینیڈا نے قطر کو 0-6 آؤٹ کلاس کیا اور میگا ایونٹ کی تاریخ کی پہلی فتح بھی حاصل کرلی۔ جوناتھن ڈیوڈ نے ہیٹ ٹرک کی۔ تیسر ے میچ میں سوئٹزر لینڈ نے بوسنیا کو 1-4 سے شکست دیدی۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ساؤتھ افریقا کو 2-0کی شکست دینے والی میکسیکن ٹیم کی کارکردگی دوسرے میچ میں بھی عمدہ رہی، اسٹاڈیو گواڈالاجارا میں میچ کے دوسرے ہاف میں لوئس رومو نے گول اسکورکرکے ٹیم کو برتری دلا دی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسری میزبان ٹیم کینیڈا نے وینکور میں قطر کو آؤٹ کلاس کردیا۔ لاس اینجلس میں گروپ بی میں سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑیوں نے انجری ٹائم سمیت 23منٹ میں 4 گول کردیئے۔2 گول متبادل کھلاڑی یوہان منزمبی نے اسکور کیے، ایک، ایک گول روبین ورگاس اور زاکا نے بنایا۔ ا س دوران بوسنیا کے کھلاڑی موہاری مووچ کورف کھیل کا مظاہرہ کرنے پر ریفری نے ریڈ کار ڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔