وینکوور (جنگ نیوز) فیفا ورلڈ کپ میں میدان کے طرح آف دی فیلڈ بھی ایکشن شروع ہوگیا ۔گروپ بی کے میچ کے اختتام پر میزبان کینیڈا اور قطر کے کھلاڑی اور اسٹاف آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔ کینیڈا کی 0-6 سے یکطرفہ فتح کے بعد جب دونوں ٹیموں کے کوچز ہاتھ ملارہے تھے تو میدان میں اچانک کشیدگی پھیل گئی۔ تنازع اس وقت شروع ہوا جب قطری مڈفیلڈر عاصم مادیبو کے ٹیکل کی وجہ سے کینیڈا کے اسٹار مڈفیلڈر اسماعیل کونے کی ٹانگ ٹوٹ گئی اور انہیں اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جانا پڑا۔ واضح رہے کہ زخمی کھلاڑی اسماعیل کونے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی سرجری کی جائے گی۔ میچ ختم ہوتے ہی کینیڈین کوچ جیسی مارش اور قطری کوچ جولین لوپیٹیگو کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی اور دونوں ٹیموں کا پورا بینچ لڑائی میں کود پڑا۔