کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سینٹرل کنٹریکٹس 2026-27 کے لیے معاوضوں کا نیا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، جس میں کھلاڑیوں پر کروڑوں روپے کی برسات کی تجویز زیرِ غور ہے۔ ذرائع کے مطابق، نئی کیٹیگریز کے تحت ٹریک ʼاےʼ اور ʼبیʼ میں شامل ٹیسٹ اور ون ڈے کھیلنے والے سینیئر کرکٹرز کو ماہانہ 48 سے 50 لاکھ روپے تک دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ صرف ٹیسٹ کھیلنے والے ٹیسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو ماہانہ 40 لاکھ روپے تک مل سکتے ہیں۔پیکیج کے مطابق، ٹریک ʼبی سیʼ میں وائٹ بال کے 18 کھلاڑی ہوں گے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی کے ماہر ٹریک ʼسیʼ کے کھلاڑی 12 سے 15 لاکھ روپے اور ڈویلپمنٹ یا این سی اے کے ٹریک ʼڈیʼ والے ماہانہ 10 لاکھ روپے تک حاصل کریں گے۔ میچ فیسز الگ ہوں گی، جس میں فی ٹیسٹ 15 لاکھ، ون ڈے ساڑھے 7 لاکھ اور ٹی ٹوئنٹی کے 5 لاکھ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ سب سے پرکشش نکتہ یہ ہے کہ آئی سی سی ایونٹ جیتنے پر میچ فیس کا 500 فیصد اور اے سی سی ایونٹ جیتنے پر 300 فیصد بونس دیا جائے گا، جبکہ کھلاڑیوں کو اپنے ٹریکس کے حساب سے لیگ کرکٹ کھیلنے کی اجازت بھی ہوگی۔