• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل ہسپتال کے شعبہ امراضِ چشم کو 2 جدید لیزر مشینیں عطیہ

لاہور(جنرل رپورٹر)جنرل ہسپتال نے ایک بار پھر عوامی صحت کی خدمت میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ ایل جی ایچ اب پبلک سیکٹر کا وہ پہلا ہسپتال بن گیا ہے جہاں کالا موتیا یعنی گلوکوما کے جدید ترین لیزر علاج کی سہولت عوام کو دستیاب ہو گی۔ ہسپتال کے شعبہ امراضِ چشم کو مخیر شخصیات کی جانب سے دو جدید لیزر مشینیں عطیہ کی گئی ہیں جن کا باقاعدہ افتتاح پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے ایک تقریب میں کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے مخیر حضرات معاشرے کا حقیقی اثاثہ ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ماڈرن ٹیکنالوجی کی بدولت نہ صرف مریضوں کا علاج کیا جائے گا بلکہ نوجوان ڈاکٹروں کو لیول فور کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ ملک بھر میں گلوکوما کے مریضوں کو بہترین طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ شعبہ امراض چشم کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ گل ملک نے بتایا کہ کالا موتیا کی 100 سے زائد اقسام ہیں۔ روایتی طور پر مریضوں کو مہنگے آئی ڈراپس طویل عرصے تک استعمال کرنے پڑتے تھے مگر اب ان جدید لیزر مشینوں کی بدولت مریضوں کو ڈراپس کے مسلسل استعمال سے نجات مل جائے گی اور بینائی کو محفوظ بنانا ممکن ہو گا۔
لاہور سے مزید