لاہور (کرائم رپورٹر ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے پانچویں روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 05 محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں 40 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔صوبہ بھر میں 559 عزاداری جلوس اور 3967 مجالس منعقد ہوئیں جبکہ لاہور میں 42 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 420 مجالس منعقد ہوئیں۔ مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں صوبہ بھر میں 21 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کاروں نے بھی معاونت فراہم کی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ کردہ دفعہ 144 اور لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی۔