• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی کورٹ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سیوریج کا پانی دوبارہ سڑک پر بہنے لگا

راولپنڈی (ساجد چوہدری) ہائی کورٹ روڈ (چوہدری بوستان روڈ) کا ایک بڑا حصہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور سیوریج لائن دوبارہ بلاک ہو جانے سے گندا پانی سڑک پرپھر بہنے لگا، سواں پل سے سکیم تھری تک تقریباً چھ کلومیٹر سڑک پر جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں جو شہریوں کے لئے وبال جان بن گئے ہیں، سابقہ ڈی جی آر ڈی اے نے اس روڈ کو ماڈل روڈ بنانے کا اعلان کیا تھا مگر ماڈل روڈ تو کیا تاحال اس کی مرمت (پیج ورک) بھی نہیں ہو سکا ہے، خستہ حال سڑک ہونے کی وجہ سے ٹریفک رینگ رینگ کر چلتی ہے جبکہ شہریوں کی گاڑیوں کے حصے بھی خراب ہونے لگے ہیں ، پچھلے کئی سالوں سے سڑک کی حالت ایسے ہی ہے اگر کوئی ادارہ اپنی سروسز زیرزمین ڈالتا ہے تو روڈ کٹنگ کے بعد سڑک کی دوبارہ مرمت نہیں کی جاتی ہے جو سڑک کی تباہی کی اصل وجہ ہے، شہری آرڈی اے حکام کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ یہ ادارہ اس ایریاز سے کمرشلائزیشن فیسوں کی مد میں کروڑوں روپے وصول کر رہا ہے مگر خستہ حال سڑک کی بحالی کیلئے کچھ نہیں کیا جا رہا ہے، سیوریج کا پانی سڑک پر بہنے سے جی ٹی سے ملحقہ ہائیکورٹ روڈ سے ملحقہ سڑک کا ٹکڑا ٹوٹ رہا ہے ، پیدل شہریوں خصوصاً موٹرسائیکل سواروں کیلئے یہاں سے گزرنا محال ہو چکا ہے، اہل علاقہ نے وزیراعلٰی پنجاب کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف دلاتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ حکام کو روڈ کی مرمت کیلئے ہدایات جاری کی جائیں۔
اسلام آباد سے مزید