• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی پنجاب میں تیز آندھی اور بارش کے باعث بجلی کی فراہمی کا نظام متاثر

ملتان (سٹاف رپورٹر)جنوبی پنجاب میں مسلسل دوسرے روز بھی تیز آندھی اور بارش کے باعث بجلی کی فراہمی کا نظام متاثر ہوا۔ میپکو ریجن میں 150 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ، تفصیل کے مطابق شدید طوفانی باد و باراں کے باعث ملتان سمیت مختلف علاقوں میں ہائی ٹینشن پولز، بجلی کی تاریں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچاجس سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوئی‘ ملتان شہر کے مختلف علاقوں انڈسٹریل سٹیٹ‘ گارڈن ٹاؤن‘ بوسن روڈ، پیراں غائب، نواب پور روڈ، شجاع آباد اور سکندر آباد سمیت متعدد مقامات پر بحالی کا کام جاری رکھا گیا۔ شدید آندھی کے باعث کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے اور ہائی ٹینشن لائنیں گر گئیں جن کی بحالی کیلئے رات گئے تک کام جاری رہا۔ایکسین کینٹ ڈویژن بابر گجر‘ ایس ڈی اوز اور مختلف سب ڈویژنوں کے افسران نے فیلڈ میں موجود رہ کر ہیوی مشینری اور کرینوں کی مدد سے بحالی کے کاموں کی نگرانی کی۔ پولز گرنے سے متاثرہ علاقوں میں حفاظتی نقطہ نظر سے بجلی کی فراہمی عارضی طور پر منقطع کر کے دیگر علاقوں کے فیڈرز بحال کئے گئے۔ سوموارکی صبح ریجنل اور فیلڈ سٹورز سے درکار میٹریل حاصل کر کے نئے پولز، کراس آرمز اور تاروں کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تمام لائن سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ فیلڈ میں کام کے دوران سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مکمل حفاظتی آلات کے استعمال کے بغیر کسی صورت کام نہ کیا جائے۔ انہوں نے صارفین سے بھی اپیل کی ہے کہ بارش اور آندھی کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، گرے ہوئے تاروں اور دیگر برقی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ رکھیں، کسی بھی گرے ہوئے تار کو ہاتھ نہ لگائیں، گھروں کی چھتوں پر موجود دھاتی اینٹینا یا برقی آلات کے قریب جانے سے گریز کریں ۔
ملتان سے مزید