کراچی( ثاقب صغیر )غیر قانونی راستوں سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے اور اٹلی سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی شہری کو حراست میں لے لیا گیا۔ایف آئی اے امیگریشن کراچی کے مطابق مسافر اسامہ علی ولد محمد اشرف جو گوجرانوالہ کا رہائشی ہے پاکستانی سفری دستاویزات پر قانونی طریقے سے بیرون ملک روانہ ہوا تھا تاہم بعد ازاں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی قیام میں ملوث پایا گیا۔مسافر ترکی پہنچنے کے بعد مقررہ مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر مقیم رہا اور قانون کی خلاف ورزی جاری رکھی۔ ایف آئی اے کے مطابق مسافر نے غیر قانونی طریقہ اختیار کرتے ہوئے ترکی سے یونان کی سرحد عبور کی اور خطرناک راستوں کے ذریعے اٹلی پہنچنے میں کامیاب ہوا۔مسافر نے اٹلی پہنچنے کے بعد پناہ کی درخواست دائر کی اور وطن واپسی پر مبینہ خطرات سے متعلق مؤقف اختیار کیا۔