لاہور (آصف محمود بٹ) پاکستان اور بنگلا دیش نے نالج کوریڈور اقدام کے تحت پبلک سیکٹر میں استعداد کار بڑھانے اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں بنگلا دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کو لاہور میں نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی (این ایس پی پی) کا دورہ کیا۔ وفد میں بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر فضل لوہانی بابو سمیت بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے دیگر سینئر حکام بھی شامل تھے۔ وفد نے این ایس پی پی کی قیادت کے ساتھ سول سروس کی تربیت، تحقیقی تعاون، تعلیمی تبادلوں اور پیشہ ورانہ ترقی کے پروگراموں میں اشتراک بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی مذاکرات کیے۔ بنگلہ دیشی وفد کا استقبال ریکٹر این ایس پی پی فرحان عزیز خواجہ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کالج (پی اے ایس سی) کے ڈین صاحبزادہ محمد شہزاد سلطان، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کے ڈین ڈاکٹر نوید الٰہی، ڈائریکٹر جنرل نیپا لاہور محمد فاروق مظہر، ڈائریکٹر جنرل این ایس پی پی امبرین رضا اور ادارے کے سینئر فیکلٹی ارکان نے کیا۔