• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی اردو یونیورسٹی، اساتذہ کا مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان

کراچی(سید محمد عسکری) وفاقی اردو یونیورسٹی، اساتذہ کا مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان،ضابطہ شنواری کے احتساب کا مطالبہ، اساتذہ کی رائے اور طلبہ کے مفاد کے پیشِ نظر امتحانات منعقد کروانے کا فیصلہ،وفاقی اردو یونیورسٹی کے عبدالحق اور گلشن اقبال کیمپسز کی انجمن اساتذہ کا مشترکہ اجلاس عمومی جمعرات کو گلشن اقبال کیمپس کے ڈاکٹر عبدالقدیر خان آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کو درپیش شدید مالی اور انتظامی بحران اور وائس چانسلر کی مسلسل غیر حاضری اور خواتین اساتذہ کو ہراساں کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔اساتذہ نے متفقہ طور پر منظور کی جانے والی قرارداد میں وفاقی اردو یونیورسٹی میں جاری مالی، انتظامی اور اخلاقی بحران میں اضافہ کا ذمہ دار موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کو قرار دیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ وائس چانسلر یونیورسٹی کے مالی اور انتظامی مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ان مسائل کو حل کریں، اور اگر وہ ایسا کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے تو یونیورسٹی، طلبہ، اساتذہ اور معاون تدریسی عملے کا وقت ضائع کیے بغیر فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔اجلاس نے وفاقی وزیر تعلیم و پرو چانسلر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے وائس چانسلر ضابطہ خان شنواری کے دورِ حکومت کے فیصلوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ اختیاراتی تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا۔

اہم خبریں سے مزید