کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کے مشترکہ انتخابی اجلاس میں مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کو بلامقابلہ دوسری مرتبہ صدر جبکہ مولانا محمد حنیف جالندھری کو مسلسل ساتویں مرتبہ بلامقابلہ ناظمِ اعلیٰ منتخب کر لیا گیا۔صدر اور ناظم اعلی آئندہ پانچ سالہ مدت کے لیے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی قیادت و نظامت کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔جامعہ دارالعلوم کراچی میں منعقدہ اہم انتخابی اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے وفاق المدارس کے عہدیداران، مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کے ایک ہزار سے زائد ارکان، ممتاز شیوخ الحدیث، جید علماء کرام، دینی و سماجی شخصیات اور مدارس دینیہ کے مہتممین و ذمہ داران نے شرکت کی۔انتخابی اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن نے صدر کے لیے مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور ناظمِ اعلیٰ کے لیے مولانا محمد حنیف جالندھری کے نام پیش کیے۔