• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

28 ویں ترمیم مشاورت سے آئیگی، ججوں کی کارکردگی کا سالانہ جائزہ، عدم اطمینان پر جوڈیشل کمیشن ریفرنس بھیجا جائیگا، وزیر قانون

لاہور ( کورٹ رپورٹر ،اے پی پی)وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا پہلی بار ججوں کے تقرر کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،ہر جج کے امیدوار کا انٹرویو کریں گے جس کی تفصیل جوڈیشل کمیشن کو بھجوائیں گے،ہائیکورٹ کے ججوں کی سال بعد پرفارمنس دیکھی جائے گی،جنکی کارکردگی سے جوڈیشل کمیشن مطمئن نہیں ہو گا اس کا ریفرنس بھجوایا جائے گا،تمام بار کونسلوں سے 26 اور 27 ترامیم پر مشاورت کی گئی ،جو ملک کے لیے ضروری ہے وہ ترمیم ہونی چاہیے،28 ویں ترمیم بھی مشاورت سے آئے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بار کونسل لائرز اکیڈمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزیدکہا خطے میں جنگ کےبعد پاکستان کا کردار بہتر لگ رہاہے ہمیں اللہ کا شکر اداکرنا چاہیے،پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے سوال پر انھوں نے کہا سب کچھ وقت کےساتھ ساتھ بہتر ہوگا،ججوں کی برطرفیوں کا آئینی طریقہ کار موجود ہے،ججوں کی برطرفی کا معاملہ دیکھنا جوڈیشل کمیشن کا اختیار ہے۔انہوں نے کہا پرائیوٹ کالجوں کی بھرمار سےلیگل ایجوکیشن میں انحطاط آیا ہے، ایک ایک کالج میں 600 داخلے دئیے گئے ،ایک وقت تھا کہ کچہریوں میں وکلاء کی جگہ کم پڑ گئی تھی،ہم نے لاء گیٹ اور ڈگری کی ویری فیکشن کا نظام نافذ کیا ،ہم نے وکلاء کے کام کیے، لاء گیٹ اور ڈگری کی ویریفیکشن پر کام کیا،ہم نے لاء کالج کی سیٹ کے حوالے سے کام کیا سکرینگ ٹیسٹ لانچ کیا،کام کرنے والوں کے لیے شکوے اور شکایات ہوتی ہیں۔وکلا  اور ان کے اہل خانہ کیلئے ہیلتھ انشورنس پالیسی پر کام جاری ہےوکلاء کی صحت کے حوالے سے وزیر صحت سے بات کی ہے،کینسر ،گردے ،جگر ،دل کی بیماریوں کے لیے وکلاء کا علاج پرائیویٹ اور سرکاری ہسپتالوں میں ہوگا،وکیل اور وکیل کی فیملی کا علاج ہوگا جس کے لیے ہماری پالیسی بن رہی ہے،وزیر صحت کو ابھی فون کیا ہے اس نے کہا ہے کہ آپ ہمارے ساتھ بیٹھیں اس پر کام ہورہا ہے،پنجاب کی حد تک ایک سو 35 کروڑ روپے بار ایسوسی ایشنز کو دیا گیا ہے۔وائس چیرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی نے کہا وکلاء کی اکیڈمی کا افتتاح خوش آئند ہے اس ادارے کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں ،نئے وکلاء کے لیے اکیڈمی قائم کرنا بہت اچھا اقدام ہے ،اتنا خوبصورت ہال یہ سب احسن بھون صاحب کی کاوش سے ممکن سے ہوا ،تقریب میں وکیل رہنما احسن بھون، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار اور ممبر پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمان چودھری، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل فخر حیات اعوان، ایڈیشنل اٹارنی جنرل ملک جاوید اعوان، چیئرپرسن لیگل ایجوکیشن کمیٹی سمیرا حسین، ممبر پاکستان بار کونسل چودھری طاہر نصر اللہ وڑائچ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خالدہ پروین، صدر مسلم لیگ (ن) لائرز فورم لاہور رفاقت علی ڈوگر، سیکرٹری پنجاب بار کونسل رفاقت سہیل، لیسکو کے چیف لاء آفیسر چودھری امتیاز، بیرسٹر احمد جاوید اعوان سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی،تقریب میں بار ووکیشنل کورس مکمل کرنے والے طلبہ کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جبکہ کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

اہم خبریں سے مزید