پشاور (لیڈی رپورٹر)وزیراعلی سہیل افریدی عمران خان کے تعلیمی ایمرجنسی کے ویژن پر عمل درامد کراتے ہوئے حیات اباد کے 22نجی تعلیمی اداروں کو تحفظ فراہم کریں۔ اور پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹسز فوری طور پر معطل کر کے ہمارے بچوں کے حصول علم کو تحفظ فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار حیات اباد کے مختلف نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم پیرنٹس ایکشن کمیٹی کی صدر شاندانہ زمان اور نائب صدر نفیس خان نے کابینہ ممبران کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے کی جانب سے رہائشی مکانات کے مالکان کو 15جولائی 2026تک کمرشل استعمال کی بنیاد پر مکانات خالی کرانے کے جو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ان میں 22نجی تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں اور ان 22نجی تعلیمی اداروں میں حیات اباد کے 25ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں۔ پی ڈی اے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس کے بعد والدین پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ یہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے کہ اب میڈ سیشن ہے اور حیات اباد ٹاؤن شپ جس کی ابادی دو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے لیکن یہاں پر سرکاری سطح پر صرف چھ پرائمری سکول اور دو ہائر سیکنڈری سکول اور دو کالجز موجود ہیں جبکہ صرف 22 باقاعدہ منظور شدہ پرائیویٹ سکول ہیں۔