پشاور(جنگ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی صوابی کے سینئر رہنماء، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی صوابی 1 اور سابق ڈی ایچ او ڈاکٹرمحمد عقیل فاروقی نے کہا ہے کہ 5 جولائی پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے جب آمر جنرل ضیاء الحق نے پاکستان پیپلز پارٹی کی منتخب حکومت کو گرا کر قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو قید کیا اور یوں ملک میں آمریت کا ایک نیا اور بدترین دور شروع ہوا جبکہ جیالوں پربھی ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ دیئے گئے جس کی مثال مشکل سے ملتی ہے۔ یوم سیاہ کے موقع پر اپنے بیان میں ڈاکٹر عقیل فاروقی نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بقاء کیلئے ذوالفقار علی بھٹو شہید اور انکے خاندان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، جب بھی پاکستان کی بہتری کی بات آئی ہے پیپلز پارٹی نے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا ہے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا چیئرمین بلاول بھٹو ذرداری اورشریک چیئرمین آصف علی ذرداری کی قیادت میں پارٹی ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے، پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور عوام کی بالادستی میں ہے، یہی وجہ ہے کہ پی پی پی اپنی جمہوری اور عوامی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے ملک بھر میں مکمل طور پر فعال اور متحرک ہے۔