کراچی (جنگ نیوز) پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے کہا ہے کہ 5جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جسے جمہوریت پر شب خون مارنے کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے ٹریڈ یونین رہنماؤں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس روز فوجی ڈکٹیٹر ضیاء الحق نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر نہ صرف 1973 کے متفقہ آئین کو پامال کیا بلکہ ملک کو طویل عرصے تک سیاسی انتشار، دہشت گردی اور بیرونی مداخلت کی طرف دھکیل دیا۔اس موقع پر وفد میں پیپلز لیبر بیورو سندھ کے کوآرڈی نیشن سیکرٹری پیر سید مداح حسین شاہ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حسین ابراہیم کاکا، کراچی ڈویژن کے سیکرٹری اطلاعات عبدالو حید خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔