کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم عوام کا اعتماد کھو چکی ہے اور اقتدار کے لئے شارٹ کٹ تلاش کر رہی ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار اپنی ناکامیوں کا ملبہ سندھ حکومت پر ڈالنے کی بجائے اپنے وفاقی اتحادیوں سے جواب طلب کریں۔ ایم کیو ایم آج بھی عوامی مینڈیٹ کی بجائے شارٹ کٹ سیاست پر یقین رکھتی ہے،وفاقی مداخلت یا آئینی اداروں کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹنے سے اقتدار حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی مداخلت جیسے معاملات کو سیاسی دباؤ کے لئے استعمال کرنا ایم کیو ایم کی سیاسی بلیک میلنگ کا ثبوت ہے۔ اگر ایم کیو ایم کو اقتدار میں زیادہ حصہ چاہئے تو اس کا راستہ صرف عوام کے ووٹ سے گزرتا ہے۔ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود کراچی سے کئے گئے وعدوں پر عمل کیوں نہیں کرا سکی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے آئینی اختیارات، صوبائی خودمختاری اور کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جبکہ سندھ حکومت کراچی سمیت پورے صوبے میں ترقی، عوامی خدمت اور آئینی بالادستی کے لئے اپنا سفر جاری رکھے گی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے معاملات وفاق کے حوالے کرنے کی بات صوبائی خودمختاری اور وفاقی ڈھانچے کے خلاف مذموم سوچ کی عکاس ہے۔