کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں (این بی ایف سیز) کو وزیراعظم اپنا گھر پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ،کمرشل بنکوں کے علاوہ اب نان بینکنگ ہاؤسنگ فنانس کمپنیاں اور انوسٹمنٹ فنانس کمپنیاں ایک کروڑ روپے جبکہ مائیکرو فنانس کمپنیاں پچاس لاکھ روپے تک قرض فراہم کر سکیں گی۔ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت پہلی بار گھر خریدنے والے اہل افراد 20سال تک کی مدت کے لیے ایک کروڑ روپے تک کا قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سکیم کے تحت حکومت پہلے 10 سال کے لیے صرف 5 فیصد شرح منافع پر قرض کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ایس ای سی پی نے این بی ایف سیز کی سکیم میں مؤثر شمولیت کے لیے جامع ریگولیٹری فریم ورک جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اہل این بی ایف سیز اپنے وسائل سے یا دیگر این بی ایف سیز، کمرشل بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کے اشتراک سے ہاؤسنگ فنانس فراہم کر سکیں گی،ایس ای سی پی نے اس حوالے سے اہلیت کے معیار، آپریشنل طریقہ کار، محتاط مالیاتی تقاضوں اور نگرانی کے نظام سے متعلق تفصیلی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں تاکہ اسکیم کے تحت ذمہ دارانہ اور پائیدار قرض فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے، اب روایتی بینکاری سہولیات تک محدود رسائی رکھنے والے افراد بھی آسان شرائط پر اپنے گھر کی تعمیر و خریداری کے لیے آسان شرائط پر قرض حاصل کر سکیں گے۔