• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر آبپاشی کا بونیر میں فلڈ پروٹیکشن منصوبے کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

پشاور(این این آئی )خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے ضلع بونیر کے علاقے بیشونئی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فلڈ پروٹیکشن اینڈ ڈریجنگ سکیم کے تحت سیلاب سے حفاظتی پشتوں (Flood Protection Wall) پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر کو دورے کے موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے کی پیش رفت، اب تک مکمل ہونے والے کام، تعمیراتی معیار اور باقی ماندہ سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور اسے مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کے لیے ڈبل شفٹ میں کام کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد اس منصوبے کے ثمرات میسر آسکیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام تعمیراتی کام منظور شدہ انجینئرنگ معیار، تکنیکی تقاضوں اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق انجام دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بناتے ہوئے ہر مرحلے پر اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔ریاض خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی باقاعدہ نگرانی جاری رکھی جائے، درپیش رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور تعمیراتی سرگرمیوں میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور پائیدار اقدامات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
پشاور سے مزید