ملتان (سٹاف رپورٹر)ضلع ملتان کے نئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھالنے کے بعد فوری طور پر ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، شہر کی بیوٹیفکیشن، انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر نواز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اس خطے کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں، اور ضلعی انتظامیہ حکومتی وژن کے مطابق عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہر اولیاءکی ترقی، خوبصورتی اور عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارے بہتر سروس ڈیلیوری کے ذریعے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص کارکردگی، غفلت یا سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں کا سخت احتساب کیا جائے گا۔