لاہور (کرائم رپورٹر ):نیشنل اے فور وہیل چیئر ٹورنامنٹ میں پاکستان پولیس وہیل چیئر ہینڈ بال ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کر لیا۔ ایونٹ میں اسلام آباد، سندھ، پنجاب سمیت ملک بھر سے مختلف ٹیموں نے شرکت کی اور کھلاڑیوں نے اعلیٰ معیار کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پاکستان پولیس کے کھلاڑی خان وینس، شاہد بھٹی اور نازیہ کو ایونٹ میں شاندار کارکردگی پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اعزازی شیلڈز اور کیش انعامات سے بھی نوازا گیا۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے پاکستان پولیس وہیل چیئر ہینڈ بال ٹیم کو شاندار کارکردگی اور سلور میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی قابلِ تحسین ہے ۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد اور چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل امجد نے بھی فاتح ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور کھیل کے جذبے کو سراہا۔