اسلام آباد (رانا غلام قادر ) وفاقی کابینہ نے حج پالیسی اور پلان برائے 2027-2030 کی منظوری دیدی ،پالیسی کے تحت حج کے خواہشمندافراد سالانہ رجسٹریشنز کے بجائے 2030 تک کسی بھی سال کیلئے اپنی ضرورت کے مطابق بلاتعطل حج کی رجسٹریشن کروا سکیں گے،مجوزہ پالیسی کے نفاذ کیلئے SOPs اور دیگر ضوابط بنائے جائینگے، تمام تر نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے ، حج پالیسی کی منظوری منگل کے روزوزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی،وفاقی کابینہ کو حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی حج پالیسی گزشتہ ایک سالہ حج پالیسیوں کے برعکس پہلی چار سالہ حج پالیسی اور پلان پر مشتمل ہے، اس حج پالیسی کے تحت طویل مدتی پلاننگ، آپریشنز میں بہتری اور حاجیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔