اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) قطر انرجی نے راس لفان ایل این جی پیداواری کمپلیکس پر حملے کے بعد نافذ کی گئی فورس میجر کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے اسے اگست 2026 کے اختتام تک بڑھا دیا ہے، جس کے باعث پاکستان کو اپنی گیس ضروریات پوری کرنے کے لیے مہنگی اسپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی درآمد کرنا پڑ رہی ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل علی پرویز ملک نے دی نیوز کو بتایا کہ حکومت کو توقع ہے کہ اگر فورس میجر ستمبر میں ختم ہو گئی تو قطر کے ساتھ طویل المدتی معاہدے کے تحت ایل این جی کارگو کی فراہمی دوبارہ معمول پر آ جائے گی۔