• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹری انرجی سولر سسٹم پاکستان کی توانائی منتقلی میں اہم کردار ادا کریگا، اویس لغاری

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ بیٹری انرجی سولر سسٹم (بی ای ایس ایس) پاکستان کی توانائی منتقلی میں اہم کردار ادا کرے گا، جو گرڈ کی استحکام کو بڑھانے، قابل تجدید توانائی کے زیادہ انضمام میں معاون اور الیکٹرک گاڑیوں کی وسیع پیمانے پر اپنانے کی راہ ہموار کرے گا۔لاہور میں پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ بیٹری سٹوریج جدید بجلی کے نظام کا لازمی جزو بن چکا ہے کیونکہ پاکستان کا بجلی کا شعبہ تقسیم شدہ سولر جنریشن کی تیزی سے توسیع کی وجہ سے بنیادی تبدیلی سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چھتوں پر لگائے جانے والے سولر سسٹمز کے بڑھتے ہوئے استعمال نے بجلی کی طلب کے پیٹرن کو نمایاں طور پر تبدیل کر دیا ،، جس کے نتیجے میں دن کے وقت طلب کم اور شام کے اوقات میں زیادہ ہو گئی ہے۔اس پروفائل نے قومی گرڈ کے لیے عملی چیلنجز پیدا کر دیئے ہیں، کیونکہ دن کے دوران پیدا ہونے والی اضافی سولر توانائی کو غروب آفتاب کے بعد بڑھتی ہوئی بجلی کی طلب کے ساتھ متوازن کرنا ضروری ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز ایک مؤثر حل پیش کرتے ہیں، جو دن کے وقت اضافی سولر توانائی کو محفوظ کرتے ہیں اور پیک ڈیمانڈ کے دوران اسے گرڈ کو واپس سپلائی کرتے ہیں، جس سے گرڈ کی لچک بڑھتی ہے، مہنگے پیکنگ پاور پلانٹس پر انحصار کم ہوتا ہے اور قابل تجدید توانائی کا انضمام بہتر ہوتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید