• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر میں جرگہ، مہر و جتوئی برادری کے تنازع کا تصفیہ، 60 قتل ثابت، ساڑھے 18 کروڑ جرمانہ

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر و شکارپور میں مہر و جتوئی برادری کے خونی تنازع کا تصفیہ ہوگیا، 60 قتل ثابت ہونے پر دونوں فریقوں پر مجموعی طور پر ساڑھے 18کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، مہر برادری 9کروڑ 22لاکھ جبکہ جتوئی برادری 9کروڑ 34لاکھ روپے ایک دوسرے کو ادا کریں گی۔سکھر، شکارپور و گھوٹکی اضلاع میں رہائش پذیر مہر و جتوئی برادری کے متحارب فریقین میں افہام و تفہیم اور صلح و صفائی کرواکر خونی تنازع کی روک تھام کے لئے اتوار کو سکھر کے سرکٹ ہاؤس میں جرگہ تصفیہ منعقد ہوا، سردار ڈاکٹر ابراہیم جتوئی، سردار غوث بخش خان مہر، سردار علی گوہر خان کھوسو، عابد حسین جتوئی و دیگر نے شرکت کی. سکھر و شکارپور میں دونوں برادریوں کے60افراد قتل اور92زخمی ثابت ہوئے۔ مہر برادری کے 33افراد قتل، 55زخمی ہوئے جبکہ جتوئی برادری کے27افراد کا قتل اور 37کو زخمی کرنا ثابت ہوا۔سکھر میں مہر برادری پر5کروڑ 42لاکھ روپے، جتوئی برادری پر 3کروڑ 18لاکھ روپے، شکارپور میں مہر برادری پر 3کروڑ 41لاکھ 50ہزار جبکہ جتوئی برادری پر 6کروڑ 16لاکھ 50ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا. مجموعی طور پر مہر برادری 8کروڑ 83 لاکھ روپے اور جتوئی برادری 9 کروڑ 68 لاکھ روپے جرمانہ ادا کریں گی. دونوں فریقین نے جرگہ کے فتویٰ کو قبول کیا اور شیر و شکر ہوگئے. واضح رہے کہ دو ماہ قبل سرکٹ ہاؤس سکھر میں متحارب برادریوں کے درمیان افہام و تفہیم کرانے کے لئے جرگہ ہوا تھا، دیگر برادریوں کے تصفیہ و فتوے سنادیے گئے تھے اور مہر و جتوئی برادری کے درمیان جاری تنازع کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید