مظفرآباد (اے پی پی)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی مواد کی ترسیل اور انتخابی عملے کی مختلف مقامات پر تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت سے ہیلی کاپٹر طلب کیا ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ وفاق سے ہیلی کاپٹر کی فراہمی کی جو درخواست کی گئی ہے، اس کا مقصد صرف پولنگ کے روز 27 جولائی کو چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے مختلف اضلاع کے دورے کو ممکن بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران اس روز مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کر کے انتخابی عمل کا جائزہ لیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر صرف ایک دن کیلئے فراہم کیا جائے گا اور اسے انتخابی سامان یا عملے کی ترسیل کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ ماضی کے عام انتخابات میں بھی چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران پولنگ کے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے مختلف اضلاع اور پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرتے رہے ہیں تاکہ انتخابی عمل کی نگرانی اور جائزہ لیا جا سکے۔