• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے ایس ایم یو سینٹ، ریٹائرڈ اساتذہ کی دوبارہ تقرری کی منظوری

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کی سینیٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے فیصلے کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے جس کے مطابق ریٹائرڈ فیکلٹی کی جامعہ میں دوبارہ تقرری کی جاسکے گی تاہم اس سے جونیئر فیکلٹی کی ترقی کے مواقع متاثر نہیں ہوں گے جبکہ ریٹائرڈ فیکلٹی کو انتظامی عہدے بھی نہیں دیئے جائیں گے۔ پرو چانسلر اور سندھ کے وزیر برائے جامعات و بورڈز، محمد اسماعیل راہو کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے سینیٹ کو آگاہ کیا کہ جے ایس ایم یو اپنے تمام کیمپسز کو شمسی توانائی پر منتقل کر کے مستقل اخراجات میں کمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر فنانس خرم خالد نے یونیورسٹی کا اضافی بجٹ پیش کیا، جس میں وفاقی حکومت، حکومتِ سندھ اور یونیورسٹی کے اپنے وسائل سے حاصل ہونے والی گرانٹس کا تقابلی جائزہ بھی شامل تھا۔ اس موقع پر کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر نے یونیورسٹی کے سالانہ کلیدی کارکردگی اشاریے (KPIs) اور آئندہ برسوں کے کارکردگی اہداف پیش کئے۔ اجلاس میں حکومتِ سندھ کی جانب سے اقلیتی طلبہ کے لئے مختص کوٹے کے نفاذ پر بھی غور کیا گیا۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ جے ایس ایم یو میڈیکل کالج میں اقلیتی طلبہ پہلے ہی اوپن میرٹ پر نمایاں تعداد میں داخلہ حاصل کر رہے ہیں، جو علیحدہ کوٹے کے تحت دستیاب نشستوں سے بھی زیادہ ہے، جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کے ضوابط کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل پروگرامز میں کوٹے کی بنیاد پر داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ سینیٹ کے اراکین، خصوصاً پروفیسر شائستہ آفندی، نے اقلیتی طلبہ کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ میرٹ پر کامیابی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید