مکہ مکرمہ (شاہد نعیم) حکومت پاکستان کی جانب سے رابطہ عالمی اسلامی کے سربراہ شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیاگیاہے، مسلمِ امہ کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کے اعتراف میں انہیں یہ اعزاز دیا جائیگا، رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ کو مختلف ثقافتوں اور عقائد کے درمیان اعتدال، مکالمے اور تعاون کے لیے ایک سرکردہ عالمی آواز سمجھا جاتا ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے والے رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ میں قائم ایک آزاد ادارہ ہے جس میں تمام اسلامی ممالک اور فرقوں کے اراکین شامل ہیں، صدرپاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی، اعتدال پسندی، امت مسلمہ کے درمیان مضبوط تعاون کو فروغ دینے اور عالمِ اسلام کے لیے ان کی ممتاز خدمات کے اعتراف میں *نشانِ خدمت ایوارڈ* کی منظوری دی ہے،جبکہ صدر زرداری نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کی طرف سے ڈاکٹر العیسیٰ کو علومِ اسلامی اور بین الاقوامی تعلقات میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی اسناد دینے کی بھی منظوری دی ہے۔