• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ،91 فیصد امیدواروں کی شرکت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا داخلہ ٹیسٹ 2026 اتوار کو منعقد ہوا۔ ٹیسٹ بیچلر آف انجینئرنگ، بیچلر آف سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ، اور بیچلر آف آرکیٹیکچر کے پروگراموں کے لئے منعقد ہوا۔ یہ ٹیسٹ بیک وقت کراچی کے آئی بی اے مین کیمپس اور سکھر کی آرور یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج میں دو مراکز پر ہوا۔ آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کراچی نے داؤد یونیورسٹی کے جناح کیمپس، سی میٹ سکھر، اور فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ کمپیوٹنگ سائنسز، گلبرگ ٹاؤن کراچی کے لئے صبح اور شام کی دو شفٹوں میں ٹیسٹ کا انعقاد کیا۔ کل 4,174 امیدواروں نے 16مختلف شعبوں میں 1,495 نشستوں کے لئے رجسٹریشن کرائی تھی، جن میں سے 3,806امیدوار ٹیسٹ میں شریک ہوئے، جو 91.09فیصد کی شاندار حاضری کی شرح ہے۔ خواتین امیدواروں کی تعداد 24.62فیصد رہی، جو انجینئرنگ، سائنس، ٹیکنالوجی اور آرکیٹیکچر کے شعبوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی اور مضبوط شرکت کا مظہر ہے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین اور رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ کے علاوہ سینئر افسران بشمول کنوینر داخلہ کمیٹی  ڈاکٹر فراز احمد، ڈاکٹر ایاز علی شاہ، ڈاکٹر تسنیم زہرا، انجینئر فہد اقبال، بابر ریاض، اور ڈاکٹر صدام علی کھچی نے کراچی سینٹر پر ٹیسٹ کی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔جبکہ سکھر سینٹر پر ڈائریکٹر سی میٹ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ کمپیوٹنگ سائنسز ڈاکٹر عاطف جمیل، اور آرکیٹیکچر کے ارکان کمیٹی آرک سلمان متین نے نگرانی کے فرائض انجام دیئے۔ امیدواروں کا تعلق پاکستان کے مختلف تعلیمی بورڈز سے تھا۔ سب سے زیادہ شرکت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کراچی سے 2,218 امیدواروں کی رہی، اس کے بعد میرپورخاص سے 392، حیدرآباد سے 311، سکھر سے 283، شہید بینظیر آباد سے 189، لاڑکانہ سے 185، ضیاء الدین ایگزامینیشن بورڈ سے 183، میرپورخاص سے 84، سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے 62، کیمبرج انٹرنیشنل سے 44، اور کوئٹہ سے 18 امیدواروں نے شرکت کی۔

ملک بھر سے سے مزید