کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی پیش کردہ آئینی اور عوامی ترمیم ہی ہماری ریڈ لائن ہے جس پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، کراچی کے عوام کو پیپلز پارٹی کی سرپرستی میں پھلنے پھولنے والے ٹینکر مافیا سے مستقل نجات دلائی جائے گی، ملک کے دیگر حصوں میں عوامی ٹرانسپورٹ میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ سندھ میں ٹول ٹیکسز اور دیگر چارجز کی مالیت میں ظالمانہ اضافہ کر کے عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے، کار کنوں سے خطابمیں انہوں نے کہا کہ 35 فیصد مینڈیٹ پر سندھ کے سو فیصد اقتدار پر قابض ٹولہ اب اپنے سیاسی انجام کے قریب ہے، ایم کیو ایم پاکستان اس ملک میں متوسط طبقے کی حقیقی نمائندہ ہے اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں یہ شہر واپس اپنے اصل حقداروں کے پاس ہوگا، پیپلز پارٹی اپنے 18 سالہ اقتدار کا حساب دینے کی تیاری کر لے عنقریب قانون اور احتساب کی آہنی پکڑ انہیں اپنی گرفت میں لے لے گی،اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ارشد وہرہ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی طحہ احمد نے بھی خطاب کیا۔