کراچی (نیوز ڈیسک) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ خون کا عطیہ انسانیت کی عظیم خدمت، صحت مند قوم ہی مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے، خون کا ایک عطیہ کسی انسان کو نئی زندگی دے سکتا ہے، اس لئے رضاکارانہ خون عطیہ کرنا عظیم انسانی خدمت ہے۔ گورنر ہاؤس کراچی میں کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت مند قوم ہی مضبوط معیشت، خوشحال معاشرے اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے، جبکہ احتیاط، آگاہی اور بروقت تشخیص صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی جیسے خطرناک امراض کی روک تھام کے لیے عوامی شعور، بروقت اسکریننگ اور احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں۔ پاکستان کے نوجوان، میڈیکل و ڈینٹل طلبہ، نوجوان ڈاکٹرز اور رضاکار خدمتِ انسانیت میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں، جو ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ خون کے عطیات، مفت ہیپاٹائٹس اسکریننگ، ڈینٹل چیک اپ اور بیسک لائف سپورٹ کی تربیت جیسے اقدامات عوامی صحت کے فروغ میں اہم سنگِ میل ہیں۔ گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گورنر ہاؤس عوام کا گھر ہے اور عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور صحت عامہ کے ہر مثبت منصوبے کے لئے اس کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ اگورنر ہاؤس کی انتظامیہ اس قومی مہم کے کامیاب انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہر فرد کو تھلیسیمیا کی اسکریننگ ضرور کرانی چاہئے، نادرا کے مراکز میں اس کی مفت سہولت دستیاب ہے۔