• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مون سون کے دوران سٹاف کو الرٹ رہنا ہوگا، ڈاکٹر فاروق افضل

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کی زیر صدارت لاہور جنرل اسپتال کی کارکردگی کا ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جو دو گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے پرنسپل کو تمام شعبوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور مریضوں کو حکومتی پالیسی کے تحت دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بھی اگاہ کیا اس موقع پر ہسپتال میں مزید کوالٹی کیئر کی فراہمی کیلئے اہم فیصلے کیے گئے جن پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں انتظامی ڈاکٹرز اور ڈپٹی چیف نرسنگ اسپرٹینڈنٹ نے بھی شرکت کی۔پرنسپل اے ایم سی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کے دوران شعبہ ورکس و سینی ٹیشن سٹاف کو الرٹ رہنا ہوگا۔موجودہ ہیلتھ کیئر سسٹم میں سستی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں، لہٰذا ہسپتال کے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے تمام اقدامات بلا تاخیر کیے جائیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ سکیورٹی اور صفائی کے نظام پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سینٹری انسپیکٹر دفاتر میں بیٹھ کر سب اچھا ہے کی رپورٹ دینے کی بجائے عملی طور پر شعبوں میں متحرک نظر آئیں کیونکہ مریضوں اور تیمارداروں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ماحول کی فراہمی ہسپتال انتظامیہ کی عملی ترجیح ہے۔
لاہور سے مزید