لاہور ( کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے منشیات کے بڑے ڈیلرز، سمگلرز اور سپلائی چین میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں 26 ہزار 267 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 25 ہزار 243 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 13 ہزار 324 کلوگرام چرس، 1251 کلوگرام ہیروئن، 870 کلوگرام آئس، 557 کلوگرام افیون اور 3 لاکھ 79 ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں رواں سال 3746 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3631 مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور میں کارروائیوں کے دوران 1345 کلوگرام چرس، 88 کلوگرام ہیروئن، 367 کلوگرام آئس، 37 کلوگرام افیون اور 17 ہزار 541 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔