رابعہ فاطمہ
رواں صدی میں شہری آبادی میں تیز رفتار اضافہ، موسمیاتی تبدیلیاں ،بے ہنگم و غیر منظّم شہری پھیلائو اور معاشی دباؤ نے دنیا کے بڑے شہروں کو غیر معمولی چیلنجز سے دوچار کردیا ہے اور پاکستان بھی بدقسمتی سے اُن ہی ممالک میں شامل ہے، جہاں موسمیاتی تغیّرات اورشہری پھیلاؤ کے عوامل ایک دوسرے پر اثر انداز ہوکر کثیر الجہتی بحرانوں کا سبب بن رہے ہیں۔
خصوصاً مون سون کی شدید اور غیر متوقع بارشیں، سیلابی ریلے، نکاسیٔ آب کے ناقص نظام، بے ہنگم تعمیرات اور تیزی سے بڑھتی ہوئی شہری آبادی نے کراچی، لاہور، راول پنڈی، فیصل آباد، پشاور اور دیگر بڑے شہروں کو ماحولیاتی اور معاشی خطرات کی زد میں لا کھڑا کیا ہے۔ یہ عوامل اس امَر کی نشان دہی کرتے ہیں کہ پاکستان کا شہری بحران اب روایتی بلدیاتی نااہلی کی حد سے نکل کر انسانی سلامتی، ماحولیاتی تحفّظ اور پائے دار معیشت کے لیے ایک سنگین قومی چیلنج بن چکا ہے۔
مون سون، جنوبی ایشیا کے قدرتی موسمی نظام کا ایک اہم جزو ہے، جس پر زراعت، آبی وسائل اور ملکی معیشت کا بڑا انحصار ہے۔ تاہم عالمی حدّت، موسمیاتی تغیّر اور درجۂ حرارت میں مسلسل اضافے نے مون سون کے روایتی نظام کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ گزشتہ برسوں میں پاکستان میں غیر معمولی بارشوں، شہری سیلاب، انفرااسٹرکچر کی تباہی، ٹریفک کے نظام کی معطلی، بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ، کاروباری سرگرمیوں کے تعطل اور انسانی جانوں کے زیاں نے واضح کیا کہ بڑے شہر موسمیاتی خطرات کے مقابلے میں پہلے سے کہیں زیادہ غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔
جب قدرتی آفات، کم زور شہری منصوبہ بندی کے ساتھ نازل ہوتی ہیں، تو ان کے اثرات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں، اور یہی صورتِ حال پاکستان کے شہری مراکز میں نمایاں طور پر دیکھی جارہی ہے۔ چوں کہ پاکستانی معیشت کا زیادہ انحصار ان ہی بڑے شہروں پر ہے، جو صنعت و تجارت، بندرگاہوں، مالیاتی اداروں، تعلیمی مراکز اور خدمات کے شعبہ جات کے مراکز ہیں، تو ایسے میں اگر مون سون کے دوران چند دنوں کے لیے بھی ان شہروں کا معمول متاثر ہو جائے، تو قومی پیداوار، برآمدات، رسد کے نظام، سرمایہ کاری اور روزگار پر اس کے اثرات پورے ملک میں محسوس کیے جاتے ہیں۔
مثال کے طور پر کراچی، جو پاکستان کی سب سے بڑی بندرگاہ اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے، شدید بارشوں کے دوران بارہا شہری سیلاب، ٹریفک جام، بجلی کی بندش اور کاروباری نقصانات کا سامنا کرتا رہا ہے۔ اسی طرح لاہور، راول پنڈی اور دیگر بڑے شہروں میں بھی نکاسیٔ آب کے مسائل، تجاوزات اور غیر منصوبہ بند شہری توسیع نے مون سون کے خطرات میں اضافہ کیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کا اثر صرف ماحول تک محدود نہیں بلکہ یہ براہِ راست قومی اقتصادی استحکام سے بھی منسلک ہے۔
شہری بحران کے اس نئے منظرنامے نے ’’کلائمیٹ سیکیوریٹی‘‘ اور ’’اربن ریزیلینس‘‘(آب و ہوا کی حفاظت اورشہری لچک) جیسے جدید تصوّرات کو بھی اہم بنادیا ہے۔ آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک صرف سیلاب سے بچاؤ پر توجّہ نہیں دیتے، بلکہ ایسے شہر تعمیر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو شدید بارش، گرمی کی لہروں، آبی دباؤ اور دیگر موسمی خطرات کے باوجود اپنی بنیادی خدمات جاری رکھ سکیں۔
یہی صورتِ حال پاکستان کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے کہ وہ روایتی شہری انتظام سے آگے بڑھ کر پائیدار شہری منصوبہ بندی، موسمیاتی موافقت، جدید انفرااسٹرکچر، قدرتی آبی گزرگاہوں کے تحفّظ، ڈیجیٹل پیش گوئی کے نظام اور مؤثر بلدیاتی حُکم رانی کو فروغ دے۔ بصورتِ دیگر ہر سال مون سون کا موسم نہ صرف انسانی جانوں اور املاک کے لیے خطرہ بنتا رہے گا، بلکہ قومی معیشت پر بھی بھاری مالی بوجھ ڈالتا رہے گا۔
پاکستان کا موسمی نظام بنیادی طور پر جنوبی ایشیا کے مون سون سے متاثر ہوتا ہے، جو ہر سال جون کے اواخر سے ستمبر تک مُلک کے مختلف حصّوں میں بارشیں برساتا ہے۔ یہ بارشیں ایک طرف زراعت، آبی ذخائر، پن بجلی اور ماحولیاتی توازن کے لیے ناگزیر ہیں، جب کہ دوسری طرف اگر ان کی شدّت معمول سے زیادہ ہوجائے، تو یہی نظام بڑے پیمانے پر سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، شہری آبادیوں کی تباہی اور معاشی نقصانات کا سبب بن جاتا ہے۔
تاریخی طور پر پاکستان میں مون سون کی شدّت میں سال بہ سال فرق رہا ہے، لیکن گزشتہ دو دہائیوں میں ماہرینِ موسمیات نے اس رجحان کی نشان دہی کی ہے کہ بارشوں کے دورانیے، شدّت اور جغرافیائی تقسیم میں نمایاں تبدیلیاں واقع ہو رہی ہیں۔ مذکورہ تبدیلیاں اس امر کی دلیل ہیں کہ پاکستان اب صرف روایتی موسمی تغیّرات کا نہیں، بلکہ عالمی موسمیاتی تبدیلی کے براہِ راست اثرات کا بھی سامنا کررہا ہے۔
گلوبل وارمنگ(عالمی حدّت) سے فضائی درجۂ حرارت، سمندری پانی کی حرارت اور فضا میں نمی کی مقدار متاثر ہونے کے نتیجے میں شدید بارشوں کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔ جب گرم فضا زیادہ نمی اپنے اندر جذب کرتی ہے تو مناسب موسمی حالات پیدا ہونے پر قلیل مدّت میں غیر معمولی مقدار میں بارش برستی ہے، جسے ماہرین Extreme Rainfall Events قرار دیتے ہیں۔
پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران کراچی، لاہور، اسلام آباد، راول پنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت متعدد شہری مراکز میں چند گھنٹوں کے اندر اتنی بارش ریکارڈ کی گئی، جو ماضی میں کئی دنوں میں ہوتی تھی۔ اس غیر معمولی شدّت نے شہری انفرااسٹرکچر، نکاسیٔ آب کے نظام اور ہنگامی امدادی صلاحیتوں کی کم زوری نمایاں کر دی۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صرف درجۂ حرارت میں اضافے کا مسئلہ نہیں، بلکہ شہری منصوبہ بندی اور قومی سلامتی سے بھی براہِ راست وابستہ ہو چکی ہے۔
پاکستان کے بڑے شہروں میں شہری سیلاب کی شدّت صرف زیادہ بارشوں کا نتیجہ نہیں، بلکہ منصوبہ بندی کے بغیر شہری توسیع بھی اس کی ایک بنیادی وجہ ہے۔ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران آبادی میں تیزی سے اضافہ، دیہی علاقوں سے شہروں کی طرف نقل مکانی، رہائشی کالونیوں کی بے ہنگم تعمیر، قدرتی نالوں پر تجاوزات، سبز علاقوں، یعنی ہریالی میں مسلسل کمی اور بارش کے پانی کو جذب کرنے والی زمینوں کی جگہ کنکریٹ اور اسفالٹ کی بڑھتی ہوئی سطح نے بارش کے قدرتی بہاؤ کو شدید متاثر کیا ہے۔
نتیجتاً بارش کا پانی زمین میں جذب ہونے کے بجائے سڑکوں، رہائشی علاقوں اور تجارتی مراکز میں جمع ہو جاتا ہے، جس سے شہری سیلاب کی شدّت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ شہری سیلاب اور ناقابلِ تلافی سطح کے یہ اثرات،پاکستان کے بیش تر بڑے شہروں میں نمایاں طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔اس صورتِ حال نے شہری معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ شدید بارشوں کے دوران ٹرانسپورٹ کا نظام مفلوج ہونے کے علاوہ صنعتی پیداوار میں تعطّل آتاہے، تو بندرگاہی سرگرمیاں متاثر اور تجارتی مراکز بند ہوجاتے ہیں، جس سے لاکھوں افراد روزگار سے محروم رہتے ہیں۔
بجلی کی ترسیل، انٹرنیٹ، مواصلاتی نظام، صحت کی سہولتیں اور تعلیمی ادارے بھی متاثر ہوتے ہیں، جس سے قومی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔ خصوصاً کراچی جیسے معاشی مرکز میں ایک دن کی شدید بارش بھی اربوں روپے کے معاشی نقصانات کا باعث بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ بارش کے بعد پانی کی آلودگی، وبائی امراض، پینے کے صاف پانی کی قلت اور شہری صحت کے مسائل مزید سنگین صُورت اختیار کر لیتے ہیں۔ اس طرح مون سون کا مسئلہ ماحولیاتی بحران سے بڑھ کر اقتصادی استحکام، انسانی سلامتی اور شہری حکم رانی کا مسئلہ بن جاتا ہے۔
مجموعی طور پر یوں کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں مون سون کے نظام اور شہری سیلاب کے درمیان تعلق اب پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہو چکا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، بے ہنگم شہری پھیلاؤ، ناکافی انفرااسٹرکچر، کم زور بلدیاتی نظام اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی نے مل کر ایک ایسا شہری بحران پیدا کیا ہے، جو سال بہ سال مزید سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔پاکستان کے بڑے شہر، ملکی معیشت کا بنیادی ستون سمجھے جاتے ہیں، کیوں کہ صنعت، تجارت، مالیاتی خدمات، بندرگاہی سرگرمیاں، مواصلاتی نظام، تعلیمی ادارے اور جدید کاروباری مراکز بڑی حد تک ان ہی شہروں پر مرتکز ہیں۔
کراچی، لاہور، راول پنڈی، فیصل آباد، اسلام آباد اور پشاور نہ صرف آبادی کے اعتبار سے بڑے شہری مراکز ہیں، بلکہ قومی مجموعی پیداوار، ٹیکس وصولیوں، برآمدات، سرمایہ کاری اور روزگار کے اہم ذرائع بھی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان شہروں میں پیدا ہونے والا کوئی بھی انتظامی یا ماحولیاتی بحران پورے مُلک کی اقتصادی سرگرمیاں متاثر کرتا ہے۔
حالیہ برسوں میں مون سون کے دوران شدید بارشوں، شہری سیلاب اور بنیادی ڈھانچے کی کم زوری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی شہری معیشت موسمیاتی خطرات کے مقابلے میں پہلے سے کہیں زیادہ حسّاس ہوچکی ہے۔ اس تناظر میں بڑے شہروں کی پائےداری صرف بلدیاتی مسئلہ نہیں، بلکہ قومی معاشی سلامتی کا بھی ایک بنیادی تقاضا ہے۔
شہری سیلاب کے معاشی اثرات براہِ راست اور بالواسطہ دونوں نوعیت کے ہوتے ہیں۔ براہِ راست نقصانات میں سڑکوں، پُلوں، عمارتوں، اور نکاسیٔ آب کے نظام کے علاوہ بجلی و پانی کی فراہمی کی تنصیبات اور دیگر سرکاری املاک کو پہنچنے والا نقصان شامل ہے، جب کہ بالواسطہ نقصانات طویل مدّتی ہوتے ہیں، جن میں کاروباری سرگرمیوں کی بندش، صنعتی پیداوار میں کمی، رسد کے نظام میں تعطل، برآمدی سامان کی ترسیل میں تاخیر، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی اور روزگار کے مواقع کا متاثر ہونا شامل ہیں۔
جب کسی بڑے شہر میں مسلسل کئی دن معمولاتِ زندگی معطل رہیں، تو اس کے اثرات قومی سطح پر پیداوار، مالیاتی سرگرمیوں اور حکومتی آمدنی تک محسوس کیے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ترقی یافتہ ممالک شہری سیلاب کو صرف قدرتی آفت نہیں،بلکہ ایک معاشی خطرہ (Economic Risk) تصور کرتے ہیں، جس کے لیے پیشگی سرمایہ کاری اور منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی مرکز، کراچی کی مثال اس حوالے سے نہایت اہم ہے۔
یہ شہر ملکی سمندری تجارت، بینکاری، بیمہ، صنعت اور خدمات کے شعبے کا مرکز ہے۔ مون سون کے دوران بندرگاہی سرگرمیاں، صنعتی زونز، شاہ راہیں اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے سے نہ صرف مقامی کاروبار، بلکہ ملکی درآمدات، برآمدات اور سپلائی چین بھی متاثر ہوتی ہے۔ اسی طرح لاہور، راول پنڈی اور فیصل آباد جیسے بڑے شہری مراکز میں شدید بارشیں صنعتی پیداوار، تعلیمی سرگرمیوں، صحت اور روزمرّہ نقل و حمل پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ ان حالات میں حکومت کو ہنگامی امداد، بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور صحتِ عامہ پر اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں، جس سے ترقیاتی منصوبوں کے لیے دست یاب وسائل بھی متاثر ہوتے ہیں۔
موسمیاتی تبدیلی نے نجی شعبے کے لیے بھی نئے معاشی خطرات پیدا کردیئے ہیں۔ صنعتی اداروں کو اپنے کارخانوں، گوداموں، ڈیٹا سینٹرز اور سپلائی چین کو موسمیاتی خطرات کے مطابق محفوظ بنانے کے لیے اضافی سرمایہ کاری کرنی پڑ رہی ہے۔ اسی طرح انشورنس کمپنیز، بینکس اور سرمایہ کاروں کے لیے بھی موسمیاتی خطرات مالیاتی منصوبہ بندی کا اہم عنصر بنتے جا رہے ہیں۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں Climate Risk Assessment، Green Infrastructure اور Urban Resilience Financing جیسے تصوّرات کو معاشی منصوبہ بندی کا لازمی حصّہ بنایا جا چکا ہے، جب کہ پاکستان میں یہ عمل ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
اگر شہری منصوبہ بندی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی بجٹ میں موسمیاتی خطرات کو مناسب اہمیت نہ دی گئی تو مستقبل میں انفرااسٹرکچر کی بحالی پر ہونے والے اخراجات موجودہ ترقیاتی سرمایہ کاری سے کہیں زیادہ ہو سکتے ہیں۔پاکستان میں مون سون سے پیدا ہونے والے شہری بحران کا مؤثر حل صرف ہنگامی امدادی کارروائیوں یا عارضی انتظامی اقدامات سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے ایک جامع، طویل المدتی اور سائنسی بنیادوں پر استوار شہری حکمتِ عملی درکار ہے۔
گزشتہ چند دہائیوں میں شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ، دیہی علاقوں سے مسلسل نقل مکانی، غیر منصوبہ بند رہائشی بستیوں کا پھیلاؤ اور بنیادی شہری ڈھانچے پر بڑھتا ہوا دباؤ اس حقیقت کی نشان دہی کرتا ہے کہ موجودہ شہری منصوبہ بندی مستقبل کے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ریاست ،شہری ترقی کو صرف تعمیرات، سڑکوں اور رہائشی منصوبوں تک محدود نہ رکھے، بلکہ اسے موسمیاتی موافقت (Climate Adaptation)، ماحولیاتی تحفّظ، آبی وسائل کے پائے دار استعمال اور معاشی استحکام کے ساتھ مربوط کرے۔ جدید شہری منصوبہ بندی اسی وقت مؤثر ثابت ہوتی ہے جب وہ قدرتی ماحول اور انسانی ضروریات کے درمیان متوازن تعلق قائم کرے۔
شہری سیلاب کی روک تھام کے لیے سب سےاہم ضرورت نکاسیٔ آب کے نظام کی ازسرِنو منصوبہ بندی ہے۔ پاکستان کے بیش تر بڑے شہروں میں برساتی نالوں کی گنجائش آبادی کے موجودہ حجم اور بارشوں کی بڑھتی ہوئی شدّت کے مطابق نہیں رہی۔ کئی قدرتی آبی گزرگاہیں تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور ناقص شہری منصوبہ بندی کے باعث سکڑ چکی ہیں، جس کے نتیجے میں بارش کا پانی رہائشی اور تجارتی علاقوں میں جمع ہو جاتا ہے۔
اس مسئلے کے حل کے لیے جدید ہائیڈرولوجیکل ماڈلز، بارش کے پانی کے ذخائر (Rainwater Harvesting)، زیرِ زمین نکاسیٔ آب، مصنوعی آبی ذخائر، سبز علاقوں کے تحفّظ اور قدرتی نالوں کی بحالی جیسے اقدامات ناگزیر ہیں۔ دنیا کے کئی بڑے شہروں میںیہی حکمتِ عملی اختیار کر کے شہری سیلاب کے خطرات میں نمایاں کمی لائی گئی ہے، جس سے پاکستان بھی رہنمائی حاصل کرسکتا ہے۔ادارہ جاتی اصلاحات بھی اس بحران کے حل کا بنیادی جزو ہیں۔
پاکستان میں شہری منصوبہ بندی، بلدیاتی خدمات، ماحولیاتی تحفّظ، آبی وسائل، موسمیات اور ہنگامی امداد سے متعلق متعدد ادارے موجود ہیں، لیکن ان کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اکثر ایک بڑا چیلنج رہتی ہے۔ ایک مربوط شہری نظام (Integrated Urban Governance) کے بغیر نہ تو بروقت منصوبہ بندی ممکن ہے اور نہ ہی ہنگامی صورتِ حال میں مؤثر ردِّعمل دیا جا سکتا ہے۔
اس مقصد کے لیے مقامی حکومتوں کو مالی اور انتظامی اختیارات دینا، شہری ترقیاتی اداروں کی تیکنیکی صلاحیت میں اضافہ کرنا، موسمیاتی ڈیٹا، منصوبہ بندی میں شامل کرنا اور مختلف سرکاری اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ جدید شہروں کی کام یابی کا راز صرف ترقیاتی منصوبوں میں نہیں، ادارہ جاتی ہم آہنگی، شفّاف فیصلہ سازی اور مؤثرمقامی انتظامیہ میں بھی پوشیدہ ہوتا ہے۔
مستقبل کی شہری پالیسی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ مصنوعی ذہانت، جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS)، سیٹلائٹ مانیٹرنگ، موسمیاتی ماڈلنگ، اسمارٹ سینسرز اور ابتدائی وارننگ سسٹمز شہری انتظام کو زیادہ مؤثر بنا سکتے ہیں۔ اگر بارشوں کی شدّت، پانی کے بہاؤ، نالوں کی گنجائش اور حسّاس شہری علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے، تو بروقت حفاظتی اقدامات کے ذریعے انسانی جانوں اور معاشی نقصانات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
اسی طرح شہری منصوبہ بندی میںSponge City (اسپنج سٹی) جیسے تصوّرات مستقبل کے لیے موثر حل ثابت ہوسکتے ہیں۔ یہ ایک جدید شہری منصوبہ بندی کا تصور ہے، جس کا مقصد شہروں کو پانی جذب کرنے والے ایک ’’اسپنج‘‘ کی طرح بنانا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد بارش کے پانی کو قدرتی طور پر جذب، ذخیرہ، اور صاف کرنا ہے تاکہ سیلاب سے بچا جا سکے اور خشک سالی میں اسے دوبارہ استعمال کیا جا سکے۔
اس مقصد کے تحت بارش کے پانی کو جذب کرنے والے سبز علاقے، پارکس، جھیلیں اور کھلی زمینیں شامل کی جاتی ہیں۔ پاکستان کے بڑے شہروں میں ایسے ماڈلز کو مقامی جغرافیہ اور معاشی وسائل کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا شہری بحران اب صرف آبادی میں اضافے، ٹریفک کے مسائل یا بلدیاتی انتظام تک محدود نہیں رہا، بلکہ یہ موسمیاتی تبدیلی، معاشی استحکام، قومی سلامتی اور پائے دار ترقی سے براہِ راست وابستہ ایک کثیرالجہتی مسئلہ بن چکا ہے۔
مون سون کی بارشیں جنوبی ایشیا کے قدرتی ماحولیاتی نظام کا لازمی حصّہ ہیں، تاہم عالمی حدّت، غیر متوقع موسمی تغیّرات اور غیر منصوبہ بند شہری توسیع نے ان بارشوں کو بڑے شہروں کے لیے ایک مستقل خطرے میں تبدیل کر دیا ہے۔ قدرتی آفات کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ انسانی عوامل، خصوصاً ناقص شہری منصوبہ بندی، تجاوزات، کم زور بلدیاتی ڈھانچا اور ناکافی انفرااسٹرکچر، شہری بحران کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔
اس ضمن میں موجودہ صورتِ حال کو صرف قدرتی آفت قرار دینا حقیقت کا مکمل احاطہ نہیں کرتا، بلکہ یہ ایک ایسا بحران ہے، جس میں قدرتی اور انسانی عوامل باہم اثر انداز ہوتے ہیں۔ پاکستان کے بڑے شہر ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ صنعت، تجارت، مالیاتی خدمات، بندرگاہی سرگرمیاں، تعلیمی ادارے، صحت کا نظام اور فلاحی شعبے بڑی حد تک ان ہی شہری مراکز پر انحصار کرتے ہیں۔
جب مون سون کے دوران شدید بارشوں کے باعث سڑکیں، پُل، بجلی کا نظام، مواصلاتی ڈھانچا اور صنعتی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں، تو اُس کے اثرات مقامی سطح سے بڑھ کر قومی معیشت تک پہنچتے ہیں۔ پیداوار میں کمی، تجارتی سرگرمیوں کی سُست روی، برآمدی نظام میں رکاوٹ، سرمایہ کاری کے ماحول پر منفی اثرات اور ترقیاتی اخراجات میں اضافے جیسے عوامل قومی اقتصادی استحکام کو متاثر کرتے ہیں۔ اس تناظر میں شہری انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کو صرف ترقیاتی منصوبہ نہیں، بلکہ اقتصادی تحفّظ اور معاشی لچک (Economic Resilience) میں سرمایہ کاری سمجھا جانا چاہیے۔
موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو روایتی شہری نظم و نسق سے آگے بڑھ کر جدید، سائنسی اور شواہد پر مبنی حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔ شہری منصوبہ بندی میں موسمیاتی خطرات کا باقاعدہ تجزیہ، نکاسیٔ آب کے نظام کی جدید خطوط پر تعمیر، قدرتی آبی گزرگاہوں کا تحفّظ، سبز علاقوں میں اضافہ، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے منصوبے، اسمارٹ سٹی ٹیکنالوجی، جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS)، ابتدائی وارننگ سسٹمز اور مؤثر بلدیاتی اداروں کی تشکیل مستقبل کی بنیادی ضروریات ہیں۔ اسی طرح شہری ترقی کے تمام منصوبوں میں ماحولیاتی اثرات کے جائزے کو لازمی قرار دینا اور تعمیراتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس ضمن میں چند بنیادی سفارشات بے حد ضروری ہیں، یعنی سب سے پہلے پاکستان کے تمام بڑے شہروں کے لیے موسمیاتی موافقت پر مبنی جامع شہری منصوبہ بندی (Climate-Resilient Urban Planning)کی جائے، جس میں آئندہ کئی دہائیوں کی آبادی، بارشوں کی شدّت اور انفرااسٹرکچر کی ضروریات کو مدِّنظر رکھا جائے۔ نکاسیٔ آب کے نظام، برساتی نالوں اور شہری ڈرینیج نیٹ ورک، جدید تقاضوں کے مطابق ازسرِنو تعمیر اور بحال کیے جائیں۔
وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ، ڈیٹا شیئرنگ اور مشترکہ ہنگامی منصوبہ بندی کو ادارہ جاتی شکل دی جائے۔ جامعات، تحقیقی مراکز اور پالیسی ساز اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ موسمیاتی تبدیلی اور شہری منصوبہ بندی سے متعلق فیصلے سائنسی تحقیق کی بنیاد پر کیے جا سکیں اور شہری آبادی میں ماحولیاتی آگاہی، شہری ذمّے داری اور قدرتی وسائل کے تحفّظ سے متعلق عوامی شعور کو فروغ دیا جائے، کیوں کہ پائے دار شہر صرف حکومتی منصوبوں سے نہیں بلکہ باشعور شہریوں کے تعاون سے بھی تشکیل پاتے ہیں۔
پاکستان کا نیا شہری بحران دراصل اکیسویں صدی کے ان پیچیدہ مسائل کی نمائندگی کرتا ہے، جہاں موسمیاتی تبدیلی، تیز رفتار شہری آبادی، اقتصادی دباؤ اور ادارہ جاتی صلاحیت ایک دوسرے سے گہرے طور پر وابستہ ہیں۔ اگر ان چیلنجز کا بروقت، سائنسی اور مربوط انداز میں مقابلہ نہ کیا گیا، تو مستقبل میں مون سون کی شدّت، شہری سیلاب، بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور معاشی نقصانات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس کے برعکس اگر ریاست، مقامی حکومتیں، نجی شعبہ، جامعات اور شہری معاشرہ مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کام کریں، تو پاکستان کی میگا سٹیز کو زیادہ محفوظ، پائے دار، ماحول دوست اور معاشی طور پر مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
یاد رہے، موسمیاتی تبدیلی کو محض ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں، بلکہ شہری حکم رانی، قومی معیشت اور انسانی سلامتی کے جامع تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ مستقبل کا پاکستان اسی صورت میں زیادہ مستحکم اور ترقی یافتہ ہو سکتا ہے، جب اس کے شہر موسمیاتی خطرات کے مقابلے میں لچک دار، منظّم اور پائے دار بنیادوں پر استوار ہوں۔