کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ آنے والا دور مسلم لیگ فنکشنل کا ہوگا۔تنظیم کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لئے تمام ذمہ داران اور کارکنان آپس میں اتحاد قائم رکھیں۔ کراچی میں مسلم لیگ فنکشنل کی جدوجہد کا آغاز ضلع وسطی سے ہوا تھا اور آج شہر بھر میں پارٹی کا پرچم لہراتا ہوا نظر آنا ہمارے مرحوم ساتھی سلمان فیاض کی انتھک محنت، قربانیوں اور کارکنوں کی مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ڈی اے کراچی ڈویژن کے کنوینر ارمان فیاض کی جانب سے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کارکنوں کے اعزاز میں دی گئی دعوتِ حلیم اور محفلِ قوالی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کراچی ڈویژن کے صدر محمد انور عظیم ایڈووکیٹ، جنرل سیکریٹری جمشید خان، افضال صدیقی ، عبدالقادر ہاشمانی، ولی وارثی ، تنزیلہ خرم ، شاہین خان ایڈووکیٹ سمیت عہدیداران اور کارکنوں کے علاوہ خواتین نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔